کاروار 24؍دسمبر (ایس او نیوز)برطانیہ میں کورونا کی نئی وبا پھیلنے کے بعد وہاں سے ضلع شمالی کینرا میں پہنچے ہوئے 12مسافروں کی نشاندہی کرنے کے بعدضلع انتظامیہ نے انہیں ہوم کوارنٹین میں رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایا کہ منڈگوڈ کے تبّتی کیمپ میں 8، ڈانڈیلی اور کمٹہ تعلقہ میں دو دود افراد انگلینڈسے سفر کرکے پہنچے ہیں۔یہ تمام لوگ الگ الگ تاریخوں میں ضلع کے اندر پہنچے تھے۔ ان میں سے بعض افراد کو یہاں پہنچ کر 14دن سے زیادہ کاعرصہ گزر چکا ہے۔ اس کے باوجودان سب کے گلے سے تھوک کا نمونہ حاصل کرکے جانچ کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔
ضلع ڈپٹی کمشنر نے عوام کویقین دلایا کہ ’’کسی بھی قسم کے خوف اور دہشت میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ برطانیہ سے ضلع میں پہنچے ہوئے تمام لوگوں کی فہرست حاصل کرکے انہیں کوارنٹین میں رہنے کی ہدایت دی جاچکی ہے۔ کسی بھی شخص کے اندر مرض کی علامات دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔ ا س کے باوجود ضلع انتظامیہ پوری طرح احتیاط برت رہی ہے۔